۔ (۱۴۲۷) عَنْ أَبِیْ سَعْیِدٍ نِ الْخُدْرِیِّ رضی اللہ عنہ أَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صَلّٰی فَخَلَعَ نَعْلَیْہِ فَخَلَعَ النَّاسُ نِعَالَھُمْ ، فَلَمَّا انْصَرَفَ قَالَ: ((لِمَ خَلَعْتُمْ نِعَالَکُمْ؟)) فَقَالُوْا: یَارَسُوْلَ اللّٰہِ! رَأَیْنَاکَ خَلَعْتَ فَخَلَعْنَا، قَالَ: ((إِنَّ جِبْرِیْلَ أَتَانِیْ فَأَخْبَرَنِیْ أَنَّ بِہِمَا خَبَثًا، فَإِذَا جَائَ أَحَدُکُمُ الْمَسْجِدَ فَلْیَقْلِبْ نَعْلَہُ فَلْیَنْظُرْ فِیْہِمَا، فَإِنْ رَاٰی بِہِمَا خَبَثًا فَلْیَمْسَحْہُ بِالْأَرْضِ ثُمَّ لِیُصَلِّ فِیْہِمَا۔)) (مسند احمد: ۱۱۱۷۰)
سیّدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز پڑھ رہے تھے ، اچانک آپ نے جوتے اتار دیے،یہ دیکھ کر مقتدی لوگوں نے بھی جوتے اتار دیے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز سے فارغ ہوئے تو لوگوں سے پوچھا: تم نے جوتے کیوں اتارے؟ لوگوں نے جواب دیا: اے اللہ کے رسول! جب ہم نے آپ کو جوتے اتارتے ہوئے دیکھا تو ہم نے بھی اتار دیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میرے پاس تو جبریل علیہ السلام آئے تھے اورانہوں نے مجھے بتایا کہ ان کے ساتھ نجاست لگی ہوئی ہے (اس لیے میں نے جوتے اتار دیئے تھے)۔ (اب اس کے بارے میں حکم یہ ہے کہ) جب کوئی آدمی مسجد میں آئے تو وہ اپنے جوتے الٹا کر ان کو دیکھ لے، اگر ان میں کوئی گندگی دیکھے تو اسے زمین کے ساتھ (رگڑ کر) صاف کر لے، اور پھر ان میں نماز پڑھ لے۔