۔ (۲۵۸۰) عَنْ سَہْلِ بْنِ سَعْدٍ رضی اللہ عنہ قَالَ: کَانَ قِتَالٌ بَیْنَ بَنِی عَمْرِو ابْنِ عَوْفٍ فَبَلَغَ النَّبِیَّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فَأَتَاھُمْ بَعْدَ الظُّہْرِ لِیُصْلِحَ بَیْنَہُمْ وَقَالَ: ((یَا بِلَالُ! اِنْ حَضَرَتِ الصَّلَاۃُ وَلَمْ آتِ فَمُرْ أَبَا بَکْرٍ یُصَلِّ بِالنَّاسِ۔)) قَالَ: فَلَمَّا حَضَرَتِ الْعَصْرُ أَقَامَ بِلَالٌ الصَّلَاۃَ (وَفِی رِوَایَۃٍ أَذَّنَ ثُمَّ أَقَامَ) ثُمَّ أَمَرَ أَبَا بَکْرٍ فَتَقَدَّمَ بِہِمْ وَجَائَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بَعْدَ مَا دَخَلَ أَبُوْبَکْرٍ فِی الصَّلَاۃِ فَلَمَّا رَأَوْہُ صَفَّحُوا وَجَائَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یَشُقُّ النَّاسَ حَتّٰی قَامَ خَلْفَ أَبِی بَکْرٍ، قَالَ: وَکَانَ أَبُوْبَکْرٍ اِذَا دَخَلَ الصَّلَاۃَ لَمْ یَلْتَفِتْ فَلَمَّا رَأَی التَّصْفِیْحَ لَا یُمْسَکُ عَنْہُ، اِلْتَفَتَ فَرَأَی النَّبِیَّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خَلْفَہُ فَأَوْمَأَ اِلَیْہِ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بِیَدِہِ أَنِ امْضِہْ فَقَامَ أَبُوْبَکْرٍ ھُنَیَّۃً، فَحَمِدَ لِلّٰہِ عَلٰی ذَلِکَ ثُمَّ مَشَی الْقَہْقرٰی، قَالَ: فَتَقَدَّمَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فَصَلّٰی بِالنَّاسِ، فَلَمَّا قَضٰی رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صَلَاتَہُ قَالَ: ((یَا أَبَا بَکْرٍ! مَا مَنَعَکَ اِذْ أَوْمَأْتُ اِلَیْکَ أَنْ لَاتَکُوْنَ مَضَیْتَ ’’وَفِی رِوَایَۃٍ أَنْ تَمْضِیَ‘‘ فِی صَلَاتِکَ؟)) قَالَ: فَقَالَ أَبُوْ بَکْرٍ: لَمْ یَکُنْ لِاِبْنِ أَبِی قُحَافَۃَ أَنْ یَؤُمَّ رَسُوْلَ اللّٰہَ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ۔ فَقَالَ لِلنَّاسِ: ((اِذَا نَابَکُمْ فِی صَلَاتِکُمْ شَیْئٌ فَلْیُسَبِّحِ الرِّجَالُ وَلْیُصَفِّحِ ’’وَفِی رِوَایَۃٍ وَلْیُصَفِّقِ‘‘ النِّسَائُ۔)) وَفِیْ رِوَایَۃٍ: فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم : ((فَأَنْتُمْ لِمَ صَفَّحْتُمْ؟)) قَالُوْا: لِنُعْلِمَ أَبَابَکْرٍ، قَالَ: ((اِنَّ التَّصْفِیْحَ لِلنِّسَائِ وَالتَّسْبِیْحَ لِلرِّجَالِ)) (مسند احمد: ۲۳۲۰۵)
سیّدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: بنی عمرو بن عوف قبیلے کے ما بین کوئی لڑائی ہوگئی، جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ بات موصول ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ظہر کے بعد ان کے درمیان صلح کرانے کے لیے ان کے پاس گئے اور فرمایا: بلال، اگر نماز کا وقت ہوجائے اور میں نہ پہنچ سکوں تو ابوبکر کو حکم دینا کہ لوگوں کو نماز پڑھا دیں۔ جب عصر کا وقت ہوا تو سیّدنا بلال رضی اللہ عنہ نے اذان دی ،پھر اقامت کہی اور سیّدنا ابوبکر کو حکم دیا کہ وہ نماز پڑھائیں۔ پس وہ آگے بڑھے (اور نماز شروع کی)، اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی تشریف لے آئے، جب لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھا تو تالیاں بجانا شروع کردیں، اُدھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کو چیرتے ہوئے آئے اور سیّدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پیچھے کھڑے ہوگئے۔ سیّدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ جب نماز میں داخل ہوتے تو کسی چیز کی طرف متوجہ نہیں ہوتے تھے، اس دفعہ جب انھوں نے سوچا کہ تالیاں رک نہیں رہیں تو وہ پیچھے متوجہ ہوئے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے پیچھے دیکھا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو اشارہ کیا کہ وہ نماز جاری رکھیں، سیّدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ تھوڑی دیر تو ٹھہرے رہے، لیکن پھر اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کرتے ہوئے الٹے پاؤں پیچھے ا ٓ گئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھے اورلوگوں کو نماز پڑھائی، جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز مکمل کی تو فرمایا: اے ابوبکر! جب میں نے تم کو اشارہ کر دیا تھا توتم کو نماز جاری رکھنے سے کس چیز نے روک دیا تھا؟ سیّدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: ابن ابی قحافہ کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امامت کروائے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں سے فرمایا: جب تم کو نماز میں کوئی امر لاحق ہو جائے تو مرودں کو سبحان اللہ کہنا چاہئے اورعورتوں کو تالی بجانا چاہئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اچھا تم نے تالیاں کیوں بجائی تھیں؟ انہوں نے کہا: ہم ابوبکر رضی اللہ عنہ کو (آپ کی آمد کا) بتانا چاہتے تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تالی بجانا عورتوں کے لیے ہے اور سبحان اللہ کہنا مردوں کے لیے ہے۔